عمران نیازی وزیر اعظم بن سکتے ہیں تو مولانا فضل الرحمان سمیت کوئی بھی وزیر اعظم بن سکتا ہے. شہلا رضا

پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سیدہ شہلارضانے کہا ہے کہ نااہل لوگ ہم پر مسلط کر دیئے گئے ہیں،جب عمران نیازی وزیر اعظم بن سکتے ہیں تو مولانا فضل الرحمان ہی نہیں کوئی بھی وزیر اعظم بن سکتا ہے، حزب اختلاف اس پر متفق ہے کہ موجودہ خراب معاشی صورتحال پہلے کبھی بھی نہیں رہی اور ہم سمجھتے ہیں دھرنا معیشت کو مزید نقصان پہنچائے گا۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سیدہ شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے روز ہی اعلان کر دیا تھا کہ ہم کسی دھرنے کا حصہ نہیں بنیں گے، اس وقت حزب اختلاف ایک پیج پر ہے، وزیر اعظم کے دورہ سندھ نے یہ بات واضح کر دی کہ ان کا صوبے کے ساتھ کیا رویہ ہے؟۔سیدہ شہلا رضا نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری اور نظر بندی کی باتیں کی جا رہی ہیں حالانکہ انہوں نے کوئی جرم نہیں کیا،اْنہوں نے ابھی صرف وزیر اعظم کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا ہے،حکومت اس وقت خود اپنے آپ کو بند گلی میں بند کر رہی ہے،جڑواں شہروں میں دھرنے کے شرکا کو ٹینٹ اور کھانے کی سروس دینے والوں پر بھی پابندی لگا دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے لوگ اپنی نالائقیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے ماضی میں چلے جاتے ہیں،ہمیں یہ تو بتایا جائے کہ جیل میں اس وقت کون سا سیاسی رہنما سزا یافتہ ہے؟ان کو تو یہ ہی نہیں معلوم کہ پارلیمنٹ کیا ہوتی ہے؟وزیر اعظم شام کو تھوڑا سا وقت نکال کر آئین پڑھ لیا کریں۔