آزادی مارچ: کارکنان اور قافلوں کے شرکا کے لیے ہدایت نامہ جاری
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے زیر اہتمام اکتوبر میں ہونے والے آزادی مارچ کے لیے جاری کردہ ہدایت نامہ کے مطابق اسلام آباد کا سفر کم سے کم 4 سے 5 دنوں پر محیط ہو گا،کارکنان کم سے کم ایک ہفتے کے قیام کا بندوبست کر کے آئیں اور کارکنان ایک بستر، کمبل اور دو جوڑے کپڑے ساتھ لائیں جبکہ کارکنان خشک میوہ جات، چنے اور پانی بھی ساتھ لے کر آئیں۔ ہدایت نامہ میں مزید کہا گیا کہ خود بھی پر امن رہیں، اور کارکنان کو بھی پر امن رہنے کی تلقین کریں،عوام الناس کے املاک کو کسی بھی صورت میں نقصان نہیں پہنچانا ،کسی بھی عہدیدار یا کارکن کو اپنے ساتھ لائسنس یافتہ یا غیر لائسنس یافتہ ہتھیار، چاقو، ڈنڈا یا لاٹھی رکھنی کی اجازت نہیں،ہر ضلعی جماعت رکاوٹیں دور کرنے کے لیے ایک کرین اور ایمبولینس ساتھ لائے۔ ہدایت نامہ میں کہا گیا کہ ہر گاڑی میں پینے کا پانی اور نمک موجود ہونا چاہیےاورقافلے کی ہر گاڑی کے لیے ایک امیر مقرر کیا جائے،قافلے روانہ ہونےسے قبل گاڑی میں موجود کارکنان کی ویڈیو بنا لی جائے اور کارکنان قومی شناختی کارڈ ساتھ لائیں،گاڑی میں کسی اضافی سواری کو بغیر تصدیق نہ بٹھایا جائے، جو کارکن اپنی گاڑی سے اترے وہ زیادہ دور جانے کی کوشش نہ کرے،قافلے کے راستے میں مساجد، مدرسوں کو صاف رکھا جائےاور راستے کی مساجد، مدرسوں میں پی ٹی سی ایل فون اور وائی فائی سروس یقینی بنائی جائے۔