بیگم صفدر اعوان سوشل میڈیا کی لیڈر ہیں:فیاض الحسن چوہان
وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ بیگم صفدر اعوان صاحبہ وہ شخصیت ہے جو سوشل میڈیا کی لیڈر ہے اور یہ تو ملکہ ٹویٹر ہیں،یہ چادر چار دیواری کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آئی جی سندھ کے معاملے پر وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ آئی جی ہمارے کنٹرول میں نہیں،اس کا مطلب ہے کہ آپ نااہل ہو، آپ سے آپ کا آئی جی سنبھالا نہیں جا رہا، کیسے ہو سکتا ہے کہ چادر چار دیواری ڈسٹرب ہوئی اور انھوں نے تصویر نہ لی ہوتی،یہ تو ججز کی ویڈیوز بنا لیتی ہیں،بیگم صفدراعوان صاحبہ وہ شخصیت ہے جو سوشل میڈیا کی لیڈر ہے،تقریر کے دوران بھی تصویریں لیتی ہیں، میٹنگ میں بھی فوٹو اور ٹویٹ کر رہی ہوتی ہیں،یہ تو ملکہ ٹویٹر ہیں،عقل یہ مانتی ہے کہ ساری توڑ پھوڑ کے دوران بیگم صفدر اعوان نے ویڈیو نہیں بنائی،یہ چادر چار دیواری کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے، کیا مزار قائد کی کوئی چادر چار دیواری نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے کورونا اقدامات پر پنجاب حکومت کی تعریف کی،عثمان بزدار پہلی بار وزیر اعلی بنے جبکہ مراد علی شاہ کئی سال سےوزیر اعلی ہیں،پنجاب میں گندم کی سرکاری خریداری کا ٹارگٹ حاصل کیا گیا جبکہ سندھ میں گندم کی سرکاری خریداری ہوئی ہی نہیں،اس سال پنجاب نے 41 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کی،دوسری طرف سندھ نے ساڑھے 12 لاکھ ٹن گندم خریدی،گنے کے کاشتکاروں کو پہلی بار بہترین ادائیگیاں کی گئیں،اس سے پہلے گنے کے کاشتکار رلتے پھرتے تھے، پنجاب میں گنے کے کاشتکاروں کو 99 فیصد ادائیگیاں ہوئیں۔