اسلام آباد میں ڈینگی کے وارجاری، ایک اور مریض جانبحق،174 شکار
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مچھر کے کاٹنے سے لاحق ہونے والے ڈینگی وائرس سے ایک اور شخص انتقال کر گیا۔اسلام آباد ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او)زعیم ضیا کے مطابق انتقال کرنے والا شخص جی سیون کا رہائشی تھا اور پولی کلینک اسپتال میں زیرِ علاج تھا۔انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں ڈینگی سے بیمار افراد کی تعداد میں یومیہ بنیاد پر ریکارڈ اضافہ سامنے آیا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد بھی بڑھ گئی۔زعیم ضیا کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد میں مزید 174افراد ڈینگی کا شکار ہو گئے، وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقے بدستور ڈینگی کی لپیٹ میں ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 174افراد ڈینگی سے بیمار ہوئے جو کہ رواں سال یومیہ بنیاد پر رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد میں سب سے زیادہ ہیں۔ڈی ایچ او اسلام آباد کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار 603 ہو چکی ہے۔