وزیراعظم نواز شریف نے بانکی مون کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے ثبوت فراہم کر دئیے
اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں بھرپور انداز سے کشمیر کا معاملہ اٹھانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے سیکریٹری جنرل بانکی مون سے ملاقات کی،،، اس دوران وزیراعظم نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت اور ظالمانہ کارروائیوں سے متعلق آگاہ کیا،، وزیراعظم نے بان کی مون کو معصوم کشمیریوں کی شہادت اور ریاستی دہشت گردی کا شکاربے گناہ لوگوں کی تصاویر دکھائیں۔ بانکی مون نے کشمیر میں مظالم پر دکھ کا اظہار کیا،،، انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے متحرک اوراہم کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں قیام امن اوراستحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف اور چینی ہم منصب لی کی چیانگ میں ملاقات بھی ہوئی،،، وزیراعظم نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم سے آگاہ کیا اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر چینی بیان کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین "آئرن برادرز" ہیں، نیوکلیئرز سپلائرز گروپ میں پاکستانی موقف سمجھنے پر چین کے مشکور ہیں۔ چینی وزیراعظم لی کی چیانگ نے یقین دہانی کرائی کہ وہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے اور اس کی حمایت میں ہمیشہ آواز بلند کرتا رہے گا، چین کشمیر پر پاکستان کے مؤقف کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے، امید ہے عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو بہتر طور پر سمجھے گی۔
وزیراعظم نے صدر حسن روحانی کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم وستم سے آگاہ کیا اور مسلم امہ کے اتحاد ویکجہتی پر زور دیا۔ ملاقات میں حسن روحانی نے پاکستان اور ایران کی سلامتی کو ایک دوسرے سے منسلک قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا پاکستان اور ایران کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ ایرانی صدر نے اقتصادی راہداری وژن کی تعریف کی اور اس میں شریک ہونے کی خواہش کا اظہار کیا۔