اقوام متحدہ بنی نوع انسان کو متحد کرنے میں ناکام رہی: ہ شاہ محمود قریشی
اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ بنی نوع انسان کو متحد کرنے میں ناکام رہی دنیا میں موجود حل طلب تنازعات اس کی ناکامی کے ثبوت ہیں۔ اقوم متحدہ جنرل اسمبلی کے75ویں اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی ڈائمنڈ جوبلی منانا ایک تاریخی اور باوقار انداز میں خود احتسابی کا موقع ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ75ویں اجلاس کے موقع پر ہمیں اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں کی طرف پلٹ کر دیکھنا ہوگا۔ اقوام متحدہ کے ادارے کے وجود نے تاریخی ضروری تقاضا پورا کیا تھا۔ اس کا سب سے ضروری تقاضا تھا آئندہ نسلوں کو جنگ کے عفریت سے بچایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کی کامیابیوں کے ساتھ ناکامیوں کو بھی ملا کر دیکھنا ہوگا۔ کشمیر، فلسطین کے دیرینہ تنازعات واضح ناکامی کے ثبوت ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ نے جموں کشمیر کے عوام سے استصوا ب رائے کے حق کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ استصواب رائے کے حق کے آج بھی منتظر ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور فیصلوں کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔ اس ادارے پر گپ شپ کی جگہ کا طنز ہو رہا ہے۔ پاکستان کے وزیرخارجہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل کے معاملے پر باہمی تعاون کم ترین سطح پر رہا۔ عالمی ماحول کے تحفظ اور ترقی کے کلیدی معاہدے اٹھاکر پھینکے جارہے ہیں۔