ہمیں ٹرپل چیلنجز کا سامنا،نمٹنے کیلئے کثیر الجہتی کوششوں کی ضرورت ہے۔ منیر اکرم
اقوامِ متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ ترقی پذیر ممالک کو اپنے محدود وسائل کا چھوٹا حصہ بھی مختص کرنے میں مشکلات ہیں، ہمیں ٹرپل چیلنجز کا سامنا ہے،موسمیاتی تبدیلی معاشی ترقی پر برے ثرات ڈال رہی ہے ۔اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر عالمی رہنمائوں کا نیویارک میں ورچوئل اجلاس ہوا، جس سے رہنمائوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔اجلاس سے پاکستانی مندوب منیر اکرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان چینلجز سے نمٹنے کے لیے کثیر الجہتی کوششوں کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کووڈ19-نے عدم مساوات کی حقیقت کو ظاہر کیا، کورونا وائرس کی وبا سے غریب طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا۔انہوں نے کہا کہ کورونا کی وبا سے نمٹنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک نے کھربوں ڈالر متحرک کیے، تاہم جب تک ہر شخص محفوظ نہیں ہو گا، کوئی محفوظ نہیں رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین ہر جگہ اور ہر شخص کو مناسب قیمت پر دستیاب ہونی چاہئے، اقوامِ متحدہ پر جتنی ذمہ داری آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی۔ انہوں نے کہاکہ موسمیاتی تبدیلی معاشی ترقی پر برے ثرات ڈال رہی ہے،کووڈ19-اور موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے لیے ایکو سوک کو فیصلہ کرنا ہو گا، پاکستان کے بطور صدر ایکو سوک ہم عملی اور ٹھوس اقدامات پر توجہ دیں گے، کثیرالجہتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔