چین نے اقتصادی راہداری کےحوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کو سراہا
چین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری، علاقائی روابط کو فروغ دینے میں راہداری کے کردار، افغانستان اور وسط ایشیائی ریاستوں کےلئے اس کے فوائد کےحوالے سے صدر ڈاکٹر عارف علوی کے بیان کو سراہا ہے۔ بیجنگ میں بریفنگ کے دوران ایک سوال پر چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان Wang Wenbin نے کہا کہ اقتصادی راہداری ایک خطہ ایک شاہراہ اقدام کا ایک اہم آزمائشی پروگرام اور چین اور پاکستان کے درمیان تعاون میں سرفہرست منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ چھ برس قبل اس منصوبے کے آغاز کے بعد سے اس میں بڑی پیشرفت ہوئی ہے جس کے تحت متعدد منصوبوں کی تعمیر شروع کی جارہی ہے یا مکمل کئے جارہے ہیں اور پاکستان میں پچیس ارب ڈالر سے زائد کی براہ راست سرمایہ کاری آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکمل کئے گئے منصوبوں سے پاکستان میں نقل و حمل کے ڈھانچے اور بجلی کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور روزگار کے ستر ہزار سے زائد براہ راست مواقع پیدا ہوئے ۔ وانگ نے کہا کہ چین، سی پیک کی ترقی کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اپنی قیادت کے اتفاق رائے پر عمل کرنے کےلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کےلئے تیار ہے۔