پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر اٹھانے پر بھارت کا واویلا
اس سلسلے میں اقوام متحدہ میں بھارت کی فرسٹ سکریٹری ودیشہ میترا نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے خطاب کو بھارت کے اندرونی معاملات کے بارے میں کبھی نہ ختم ہونے والی داستان بتایاہے۔بھارت نے منگل کو پاکستان کے اس موقف کو مسترد کردیا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں ایک طویل عرصے سے جاری تنازعہ میں سے ایک ہے۔ ساوتھ ایشین وائر کے مطابق بھارت نے کہا کہ اسلام آباد کو دہشت گردی سے نمٹنے پر توجہ دینی چاہئے۔پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کا تذکرہ کیا تھا۔اس سے قبل پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایک ویڈیو پیغام میں اقوام متحدہ کی کامیابیوں کو سراہا لیکن اس میں "ناکامیوں اور کوتاہیوں" کا بھی حوالہ دیا۔انہوں نے خطاب میں کہا کہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے تنازعات ادارے کے سب سے واضح اور دیرینہ تنازعہ ہیں۔ جموں و کشمیر کے عوام اب بھی اقوام متحدہ کے ذریعہ ان سے اپنے حق خود ارادیت کے وعدے کی تکمیل کے منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ خاص طور پر سلامتی کونسل میں بین الاقوامی تعاون انتہائی کم ہے۔