سعودی عرب نے پی آئی اے کوخصوصی 28پروازوں کے بجائے 13کی اجازت دے دی
سعودی عرب نے پی آئی اے کوخصوصی 28پروازوں کے بجائے 13کی اجازت دے دی ،پروزوں میں سماجی فاصلے کے تحت 66فیصد ہی مسافر لانے کی شرط لگادی ،کم پروازوں کی اجازت اور 66فیصد شرط لگانے سے عوام مشکلات کاشکارہوگئے ،پی آئی اے اور وزارت ہوابازی نے وزارت خارجہ کی مدد بھی طلب کرتے ہوئے لکھاہے کہ سعودی حکام سے بات کرکے یا تو مزید پروازوں کی اجازت دلوائیں یا اقامہ کی مدت میں اضافہ کروادیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہوں ۔اس خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان پی آئی اے کاکہناہے کہ پی آئی اے سعودی عرب کیلئے لگاتار پروازیں آپریٹ کررہی ہے تاہم چونکہ زیادہ تر اقامے 30 ستمبر کو ختم ہورہے ہیں اس لئے غیر معمولی رش کا سامنا ہے۔ پی آئی اے نے اس معاملے کو دیکھتے ہوئے 15 ستمبر سے اجازت ملتے ہی 28 مزید پروازوں کی اجازت مانگ لی تھی جو معمول کے پروازوں کے علاوہ تھیں۔ تاہم سعودی حکام کی جانب سے صرف 13 پروازوں کی اجازت دی گئی اور اس پر بھی سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کیلئے 66فیصد سے زائد افراد نہ لانے کی شرط عائد کردی گئی حالانکہ سعودیہ عرب روانگی سے قبل کویڈ منفی ٹسٹ ہونا بھی لازمی ہے۔ یہ پروازوں ہماری کل ضروریات کا نصف ہے تاہم پی آئی اے کی یہ کوشش ہے کہ اس محدود کیپیسٹی کو با احسن طریقے سے برابر پورے ملک میں مہیا کیا جائے۔ پی آئی اے کے پاس نشستیں دستیاب ہیں جو پی آئی اے کے دفاتر اور ایجنٹس کے ذریعے حاصل کی جاسکتی ہیں تاہم رش اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے پروازوں پر پھر بھی گنجائش رہ جاتی ہے۔ پی آئی اے انتظامیہ اور وزیر ہوابازی نے وزارت خارجہ کی مدد بھی طلب کرلی ہے کہ وہ سعودی حکام سے بات کرکے یا تو مزید پروازوں کی اجازت دلوائیں یا اقامہ کی مدت میں اضافہ کروادیں۔ اس مشکل وقت میں پی آئی اے انتظامیہ اپنے کرم فرمائوں کی ضروریات کا مکمل ادراک رکھتی ہے اور پی آئی اے کی ٹیمیں اس سلسلے میں مسلسل مہمانوں کی خدمت میں مصروف ہیں۔ تاہم یہ پی آئی اے کی طرف سے گزارش ہے کہ جن کے اقامے 25ستمبر کو مدت پوری کررہے ہیں وہ اگلے دو دنوں تک ٹکٹس کیلئے رجوع کریں اور جن کی 30 ستمبر کو ہے وہ دو دن بعد حاصل کریں۔ اس ہی طرح پی آئی اے کے دفاتر پر رش کے باعث معمول کی ٹکٹس آن لائن یا کال سنٹر کے ذریعے حاصل کریں۔ کسی بھی صورت میںپی آئی اے کے مقرر کردہ اور شائع کردہ کرایوں سے زائد کسی کو بھی نہ دیں اور اس معاملے کی رپورٹ فورا care@piac.aeroپر کریں۔