توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے کینسر کی طرح پھیلتے جارہے ہیں: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے توانائی کے شعبے کے گردشی قرضے کینسر کی طرح ہیں جو پھیلتے جارہے ہیں جبکہ شعبے کے مسائل سے جلد عوام کو آگاہ کریں گے۔وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شبلی فراز نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں زیادتی کیس سے متعلق قوانین کا جائزہ لیا گیا، شہزاد اکبر نے زیادتی سے متعلق بل کا مسودہ پیش کیا، کابینہ نے زیادتی کیس کی تحقیقات میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنانے کا فیصلہ کیا کیونکہ ہمیں جنسی جرائم میں ملوث ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے مہنگے معاہدوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہوئی، بجلی کے گردشی قرضوں نے ہماری معیشت کو اپنی پکڑ میں لے رکھا ہے، پتا چلنا چاہیے کہ بجلی مہنگی ہونے کی وجوہات کیا ہیں، یہ بھی پتا چلنا چاہیے کہ حکومت بجلی کہ قیمتوں میں کمی کے لیے کیا کر رہی ہے، توانائی کے شعبے کے مسائل سے جلد عوام کو آگاہ کریں گے۔