نیوزی لینڈ ٹیم کی دورہ منسوخی سے متعلق تمام ثبوت میڈیا کے سامنے رکھیں گے: وزیر داخلہ شیخ رشید
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے انکشاف کیا کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے عمران خان سے کہا ہے کہ کوئی تھریٹ نہیں تھا ,یہ خطرہ تھا کہ جب کھلاڑی باہرنکلیں گے تو کوئی شرارت نہ ہو جائے ,یہ تو بہانہ بنانے کے طریقے ہیں, دنیا کو شواہد کے ساتھ بتائیں گے کہ تھریٹ میسج ٹیم کے چلے جانے کے بعد بنایا گیا۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کو انگلینڈ میں بھی تھریٹ تھا وہاں سے کیوں نہیں گئے؟ اتنی نیوزی لینڈ کی فوج نہیں اس سے زیادہ سیکورٹی دی, ہم نے آفر کی تھی کہ شائقین کے بغیر ہی میچز کرادیتے ہیں ,تحقیقات مکمل ہوچکی تمام ثبوت میڈیا کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان پانچ سال حکومت پوری کریں گے۔ عمران خان کی خوش قسمتی ہے انہیں اتنی نالائق اپوزیشن ملی ہے۔ پی ٹی آئی حکومت کو بڑا چیلنج مہنگائی کا ہے۔ مہنگائی کی وجہ سے سارے لوگ تنقید کررہے ہیں۔ وزیراعظم کو میں نے مہنگائی کے بارے میں کھل کر بتا دیا۔ شیخ رشید نے کہاکہ ہمارے ملک میں قانون صرف چھوٹے لوگوں کیلئے ہے, بڑے لوگوں کو قانون کی گرفت میں لانا ضروری ہے ۔ چالیس چالیس ایف آئی آرز والے لوگوں کو بھی ضمانت ہوتی ہے۔ وزیراعظم چاہتے ہیں آئندہ الیکشن الیکٹرانک مشین سے ہوں مگر الیکشن کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حق میں نہیں مگر وزیراعظم الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے الیکشن کرانے کیلئے پرعزم ہیں ۔ وزیراعظم کو خط لکھا چیف الیکشن کمشنر کو وفاقی محتسب لگایا جائے۔ لگتا ہے چیئرمین نیب کی مدت ملازمت میں توسیع ہوگی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں پی ٹی آئی کو نقصان اپنے آزاد امیدواروں کی وجہ سے ہوا ۔ شہباز شریف کیلئے نواز شریف کو لندن سے لانا مشکل ہے۔ عمران خان نے خود کو منوالیا وہ ایک حقیقت ہیں ۔ اس وقت بارڈر پر ہماری فوج ہے ,دہشت گردی میں ملوث 320 سے 500 ٹی ٹی پی کے لوگوں کو معاف نہیں کریں گے۔