وزیراعظم عمران خان کی امن کوششوں کو مداخلت نہ سمجھا جائے: ذبیح اللہ مجاہد
نائب وزیراطلاعات افغانستان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی امن بارے کوششوں کو افغانستان میں مداخلت نہ سمجھا جائے۔
کابل میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نائب وزراء کے ناموں کا اعلان کیا ۔ ذبیح اللہ مجاہد نے کہاکہ نئے وزراء میں ہزارہ سمیت مختلف قومیتوں کے افراد شامل ہیں اور ان کا تعلق مختلف صوبوں سے ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بعد میں خواتین کو بھی شامل کیا جائے گا ۔ طالبات کے سکول نہ جانے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ یہ ایک عارضی فیصلہ تھا اور جلد ہی طالبات کو سکول جانے کی اجازت دی جائے گی ۔ اگلے ہفتے چھٹی سے بارہویں جماعت کے طلبہ بھی اپنی تعلیم دوبارہ شروع کریں گے ۔ افغان نائب وزیر نے کہاکہ ہم افغانستان کے اثاثوں کو غیر منجمد کرانے کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کر رہے ہیں ۔ ملازمین کی تنخواہوں کے بارے میں انہوں نے کہاکہ ہمارے پاس فنڈز ہیں لیکن ہمیں اس کے نظام کے بارے میں کچھ وقت درکار ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گرد گروپ داعش کے پاس حملے کرنے کی صلاحیت نہیں ہے اور وہ آئندہ کوئی حملہ نہیں کر سکیں گے ۔