وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار کی قیادت میں وفد کی ملاقات
لاہور22ستمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی۔ ملاقات میں خواتین کے حقوق کے تحفظ، جیلوں میں اصلاحات اور خواتین پر تشدد کی روک تھام کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب خواتین کی سماجی و معاشی خودمختاری کیلئے تاریخ ساز اقدامات کر رہی ہے۔ صوبے بھر میں ملازمت پیشہ خواتین کیلئے 18 ویمن ورکرز ہاسٹل اور 1221 ڈے کیئر سینٹرز قائم کئے گئے ہیں۔ یونیورسٹیوں میں ویمن کیریئر اور کپیسٹی بلڈنگ کیلئے ویمن ڈویلپمنٹ سینٹر قائم کئے گئے ہیں۔خواتین کیلئے خصوصی طور پر آن لائن ٹریننگ بھی پروگرام شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے مسائل اور قانونی رہنمائی کیلئے خصوصی ہیلپ لائن قائم کی گئی ہے۔ملتان میں خواتین پر تشدد کے سدباب کیلئے قائم سینٹر کو بحال اور موثر کیا گیا ہے۔راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی خواتین پر انسداد تشدد سینٹر قائم کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کی چیئرپرسن کا جلد تقرر کیا جائے گا۔خواتین سے متعلقہ مسائل کو یک پلیٹ فارم کے تحت یکجا کرکے انہیں حل کرنے کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں جس ضلع میں بھی جاتاہوں، جیل کا دورہ کرکے وہاں خواتین قیدیوں کے مسائل کا جائزہ لیتا ہوں۔جیل نظام میں اصلاحات کے ذریعے قیدیوں کو بنیادی سہولتیں دیں گے اور اس ضمن میں فرسودہ نظام کو بدلنے کیلئے قانون میں ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ جیلوں میں خواتین قیدیوں سے ناروا سلوک کسی صورت قابل قبول نہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار اور ممبران کو جیلوں کے دورے کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پرمشتمل ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کی نگہبان ہے۔ماضی کی طرح خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے بلند وبانگ دعوے نہیں بلکہ عملی اقدامات کئے ہیں۔ پاکستانی خواتین کو ترقی کے مساوی حقوق دینا تحریک انصاف کا مشن ہے اور خواتین کی عملی میدان میں شمولیت کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔انہوں نے کہا کہپبلک مقامات پر خواتین کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات کئے گئے ہیں۔خواتین ہر لحاظ سے قابل احترام ہیں،وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ بدسلوکی کے واقعات پر سخت ایکشن لیا ہے۔ خواتین سے بدسلوکی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ قرآن و سنت میں خواتین کی تکریم ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ پنجاب حکومت خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن کو پورا سپورٹ کرے گی۔چیئرپرسن نیشنل کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن نیلوفر بختیار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب میں خواتین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات قابل تعریف ہیں۔