بھارت نے سیلابی تباہی پر کوئی مدد نہیں کی نہ اس کی توقع ہے: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ملک میں تباہی مچانے والے سیلاب کے حوالے سے پاکستان کو بھارت کی طرف سے کوئی مدد موصول نہیں ہوئی اور نہ اس کی توقع ہے۔نیویارک میں ’فرانس 24‘ نامی میڈیا ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے جب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے پوچھا گیا کہ کیا بھارت کی طرف سے پاکستان کو سیلابی تباہی کے سلسلے میں کوئی امداد موصول ہوئی یا پاکستان نے کبھی بھارت کو مدد کرنے کے لیے کہا، وزیر خارجہ نے دونوں سوالات کے جواب منفی دیے۔بھارت کے ساتھ موجودہ تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے ساتھ ہمارے طویل اور پیچیدہ تعلقات کی تاریخ ہے، بدقسمتی سے آج کا بھارت وہ بھارت نہیں رہا، اور نہ ہی وہ سیکیولر بھارت رہا ہے جس کا بانیان بھارت نے تمام شہریوں کے لیے ایک برابر ملک ہونے کا وعدہ کیا تھا۔‘بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج کا بھارت تیزی سے ہندو بالادست بننے کی طرف گامزن ہے جو نہ صرف اندرونی طور پر بلکہ ملک سے باہر مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی مسلم اور عیسائی اقلیتوں کے لیے تنگ بنتا جارہا ہے۔
بھارت کی طرف سے 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی مخصوص حیثیت ختم کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے کچھ ایسے اقدامات کیے ہیں جن کی وجہ سے ہمارے لیے بھارت کے ساتھ تعلقات ناقابل برداشت ہوگئے ہیں۔