جنگوں کا دور ختم ہوچکا،مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہییں۔ بھارت کے ساتھ کشمیر،سیاچن،سرکریک اور پانی کے معاملے پر بات چیت جاری ہے۔ وزیراعظم

دفاعی کاموں میں بین الاقوامی این جی اوز کے کردار کے حوالے سےاسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے حکومت سنبھالی، پاکستان کے بھارت، ایران اورافغانستان سے تعلقات اچھے نہیں تھے لیکن حکومت نے ہمسایہ ممالک کے ساتھ مراسم بہتر بنائے۔انہوں نے کہا کہ اب جنگوں کا دور ختم ہوچکا ہے، تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہییں۔ وزیراعظم کاکہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر، سیاچن، سرکریک اور آبی تنازع کے حوالے سے بات چیت جاری ہے جبکہ من موہن سنگھ نے بھی باہمی مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ انہوں نے قوت کے بجائے جمہوریت کے ذریعے حکومت چلائی ہے اور اس وقت ملک میں ایک بھی سیاسی قیدی نہیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے ڈیڑھ کھرب سے زائد رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی ہے جبکہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں اب تک دس ارب ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کرچکا ہے۔این جی اوز کے کردار کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام طبقات کی شرکت کے بغیر ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے غربت کے خاتمے اور تعلیم کے فروغ کے لئے مسلم ہینڈز کے کردار کو بھی سراہا۔