بے نظیر قتل کیس: انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سابق صدر پرویز مشرف کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دے دیا.ایف آئی اے سے تین مئی کو چالان طلب کرلیا گیا۔

بے نظیر قتل کیس کی سماعت راولپنڈی کی انسداد دہشتگردی عدالت کے جج چوہدری حبیب الرحمان نے کی، سابق صدرپرویزمشرف کو سخت سکیورٹی میں چک شہزاد کی سب جیل سے عدالت لایا گیا۔ پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر سلمان نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کے مؤکل پیش ہوگئے ہیں اس لیے انہیں اشتہاری قراردینےاورجائیداد ضبطی کی کارروائی ختم کی جائے۔ بیرسٹرسلمان کی استدعا پر عدالت نے وکلاء کو پرویز مشرف سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ عدالت نے سابق صدر کو شامل تفتیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے ایف آئی اےسے تین مئی تک چالان طلب کرلیا ہے۔ ملزمان سعود عزیز اور خرم شہزاد بھی عدالت میں موجود تھے۔ اس موقع پر سابق صدر کے حامیوں اور وکلاء کے درمیان ہاتھاپائی بھی ہوئی اور پتھراؤ سے دو وکلاء زخمی ہوگئے۔