ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری
موسم نے لی انگڑائی تو اپریل کی گرمی کو جیسے بریک لگ گئی،،، موسم خوشگوار ہوا تو شہریوں کے موڈ بھی خوشگوار ہو گئے،،، پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں وقفے وقفے سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے،،، لاہور میں بادلوں اور سورج کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہی،،،
آسمان سے گرتی بوندوں نے فضا میں رنگ بکھیر دئیے،،، درختوں میں نئی جان سی آگئی،،، تیز ہوائیں وقفے وقفے سے آسمان سے چھم چھم پانی برساتی رہیں۔ برکھا رت نے چار سو موسم کے رنگ نکھار دیئے ہیں،، سنسناتی ٹھنڈی ہواؤں سے درجہ حرارت میں کمی ہوئی تو چرند پرند اور گرمی کے ستائے عوام نے سکھ کا سانس لیا۔۔۔
لاہور فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ژالہ باری سے ہر منظر نکھر گیا۔ جھنگ، چنیوٹ، شیخوپورہ، نارووال، کندیاں میں بھی بادلوں نے اپنا دامن نچوڑا،،، پشاور، مردان، صوابی، نوشہرہ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ برکھا برسی۔ برکھا رت نے چار سو موسم کے رنگ نکھار دیئے ہیں،،، محکمہ موسمیات نے چوبیس گھنٹوں تک مزید بارشوں کی نوید سنائی ہے،،،