افغان صدر اور پومپیو کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ، قطر مذاکرات سے متعلق تبادلہ خیال
امریکا نے افغانستان کو واضح کیا ہے کہ قطری دارالحکومت دوحہ میں طالبان سے ہونے والے مذاکرات امن کی جانب بہترین موقع ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے افغان صدر اشرف غنی کو ہدایت کی ہے کہ وہ قطر میں ممکنہ مذاکرات کو کامیاب بنائیں۔ ٹیلی فونک گفتگو کے دوران افغان صدر کو دوحہ میں اس بات چیت کے غیر معینہ عرصے کے لیے ملتوی کیے جانے پر امریکا کے عدم اطمینان سے بھی آگاہ کیا گیا، البتہ اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ ممکنہ مذاکرات کو کامیاب بنانے میں ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ قطر میں افغان طالبان کے رابطہ دفتر میں یہ بات چیت گذشتہ جمعے کو شروع ہونا تھی، لیکن طالبان نے اسے اس بارے میں اختلافات کے بعد ملتوی کر دیا تھا کہ اس میں کس کس کو شرکت کرنا چاہیے۔ یاد رہے کہ طالبان اور افغان نمائندوں کے درمیان ملاقات 20 اور 21 اپریل کو قطر میں ہونا تھی اور مذاکرات کے لیے افغان حکومت نے 250 رکنی فہرست تیار کی تھی۔