ننھی نشوہ کی ہلاکت : اسپتال پر صرف پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد، دو ملازمین ذمہ دار قرار
غفلت کے باعث 9 ماہ کی نشوہ کی ہلاکت پر دارلصحت اسپتال پر 5 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
کراچی کے نجی اسپتال دارالصحت میں عملے کی غفلت کے باعث 9 ماہ کی نشوہ کی ہلاکت کے معاملے پر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کی جانب سے رپورٹ جاری کردی گئی ہے، جس میں اسپتال کی مڈ وائف ثوبیہ اور نرسنگ اسسٹنٹ معیز کو غیر ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جب کہ غفلت اور غیر تربیت یافتہ عملہ رکھنے پر اسپتال کو 5 لاکھ روپے کا جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہیلتھ کئیر کمیشن کو نشوہ کے والد قیصر علی کی جانب سے واقعہ کی درخواست جمع کرائی گئی، کمیشن کو درخواست 15 اپریل کو موصول ہوئی، جس پر ہیلتھ کیئر کمیشن کے حکام نے 16 سے 22 اپریل تک اپنی تحقیقات مکمل کیں۔
رپورٹ کے مطابق تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ 9 ماہ کی نشوہ کو ڈائریا کی شکایت پر اسپتال میں داخل کرایا گیا، اور انکشاف ہوا کہ بچی کو پوٹاشیم کلورائڈ کا غلط انجیکشن لگایا گیا، جس کے ذمہ دار مڈ وائف ثوبیہ اور نرسنگ اسسٹنٹ معیز ہیں جنہوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ درالصحت اسپتال فوری طور پر غیر تربیت یافتہ عملے کو فارغ کرے، اسپتال انتظامیہ اور کلینیکل معیار کو بھی بہتر کرے جب کہ اسپتال پر پانچ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بچی کی طبیعت اسپتال میں لگائے جانے والے غلط انجکشن کے سبب زیادہ خراب ہوئی جس کی وجہ سے بچی کے دماغ، دل اور جگر پر انتہائی مضر اثرات مرتب ہوئے۔