ممکن ہے کرونا وائرس دوبارہ نہ آئے، ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کرونا لاک ڈاؤن سے متعلق کہا کہ امریکا میں وینٹی لیٹرز کا مسئلہ حل ہوچکا ہے اور پاکستان کو ضرورت کے مطابق وینٹی لیٹرز فراہم کریں گے۔تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کرونا ٹاسک فورس کے ہمراہ صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے دنیا میں سب سے زیادہ کورونا کے ٹیسٹ کرائے اور وقت سفری پابندیاں عائد کرکے شہریوں کی زندگیاں محفوظ بنائیں۔صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اب امریکا میں کرونا کیسز کی شرح میں کمی آرہی ہے ممکن ہے یہ وائرس واپس نہ آئے، ٹرمپ اس دوران بھی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنانا نہ بھولے اور کہا کہ جعلی میڈیا نے سی ڈی سی ڈائریکٹر کے بیان سے متعلق غلط ہیڈ لائن چلائی۔امریکی صدر نے میڈیا کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں انتہائی بری رپورٹنگ کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستوں کے گورنرز کو تمام سہولیات فراہم کررہے ہیں اور تمام ریاستوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، اب ریاستوں کو کھولنے کیلئے نئی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ ریاستوں کو کھولنے سے پہلے لوگوں کو محفوظ بنائے گے اور بڑی تعداد میں کرونا وائرس ٹیسٹ جاری رکھیں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ امریکا کے بڑے شہریوں میں ایئرشوز کریں گے جس کا مقصد ہیلتھ کیئر ورکرز کو خراج تحسین پیش کرنا ہوگا۔