وزیرِ اعظم عمران خان احساس ٹیلیتھون کی نشریات میں آج شریک ہوں گے
اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث جاری لاک ڈاؤن کے دوران مستحقین کی امداد کیلئے وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان احساس لائیو ٹیلیتھون ٹرانسمیشن میں آج شریک ہوں گے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیرِ اعظم سب سے بڑی لائیو ٹیلیتھون میں شریک ہوں گے جو آج شام 4 بجے نجی و سرکاری نیوز چینلز پر براہِ راست نشر کی جائے گی۔ وزیرِ اعظم عمران خان دیہاڑی دار مزدوری پیشہ افراد، مستحق خاندانوں اور لاک ڈاؤن سے متاثر بے روزگار عوام کی امداد کیلئے مخیّر حضرات سے تعاون کی اپیل کریں گے۔ ٹیلیتھون ٹرانسمیشن اس سے قبل بھی منعقد کی گئی تھی جس میں وزیرِ اعظم عمران خان شریک ہوئے اور مخیّر حضرات کے تعاون سے مستحقین کی امداد کیلئے رقم جمع کی گئی۔ لائیو ٹرانسمیشن سے جمع ہونے والی امداد ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف اور طبی عملے کی حفاظتی کٹس اور مستحقین کی مالی مدد کیلئے استعمال ہوگی جبکہ لاک ڈاؤن کے باعث عوام الناس مشکلات کا شکارہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل کا مقابلہ عزم و ہمت اور جرات و استقامت سے کیا ہے۔ وفاقی دارلحکومت میں گزشتہ روز وزیرِ اعظم سے سینٹر فیصل جاوید نے ملاقات کی جس کے دوران کورونا ریلیف فنڈ کیلئے آج کی ٹیلی تھون نشریات کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔