مسجد الحرام اور مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں نماز تراویح کی دس رکعت ادا کرنے کی منظوری
خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم میں رمضان المبارک کے دوران میں نماز تراویح کی بیس کے بجائے دس رکعت ادا کرنے کی منظوری دی ہے۔
الحرمین الشریفین کی جنرل پریذیڈینسی نے بدھ کو ایک بیان میں کہا ہے کہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی۔
پریزیڈینسی کے صدر ڈاکٹر شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے منگل کو یہ اعلان کیا تھا کہ الحرمین الشریفین میں اجتماعی نمازتراویح ادا کی جائے گی مگر دونوں مساجد میں اتھارٹی کے ملازمین اور ورکر ہی نماز تراویح ادا کرسکیں گے۔یہ پانچ تسلیمات تک محدود ہوں گی،دو دو رکعت ادا کی جائیں گی، یعنی صرف دس رکعت نمازادا کی جائیں گی۔
جنرل پریزیڈینسی برائے امور الحرمین الشریفین کے ترجمان ہانی بن حسنی حیدر نے کہا ہے کہ ان کے ادارے نے رمضان المبارک میں مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔
اس منصوبہ کے تحت دونوں مساجدمیں عبادت گزاروں کے داخلے پر پابندی برقرار رہے گی،صفائی اور اسپرے کے عمل کو بڑھا دیا جائے گا،نماز جنازہ میں شرکت یا میتیں لانے والوں اور تمام ملازمین کی تھرمل ٹیسٹنگ کی جائے گی۔
رمضان المبارک کے دوران میں مسجدالحرام اور مدینہ منورہ میں افطار کی ذمے داری مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے صوبائی حکام کو سونپی گئی ہے۔ وہ احتیاطی تدابیر کو اختیار کرتے ہوئے روزے داروں میں افطار کے کھانے تقسیم کریں گے۔
دونوں مقدس مساجد میں اعتکاف کی اجازت نہیں ہوگی۔ان میں صرف ضروری ملازمین کو داخلے کی اجازت ہوگی اور پیشگی احتیاطی تدابیر کو اختیار کرکے مرمت کا ضروری کام کیا جائے۔