عثمان بزدار سے وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی کی ملاقات، 30 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز نے ملاقات کی، وی سی نے یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کی جانب سے کورونا فنڈ میں 30 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا ۔ جمعرات کو وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز نے ملاقات کی اور یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کی جانب سے کورونا فنڈ میں 30لاکھ چیک پیش کیا ،وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب یونیورسٹی کے اساتذہ اور عملے کے جذبہ ایثار کی تعریف اور کہا کہ پاکستانی قوم مشکل حالات میں ہر چیلنج پر پورا اتری ہے، آزمائش کے وقت ضرورت مند افراد کی مدد کرنے والوں کو دنیا اور آخرت دونوں جگہ اجر ملے گا، محروم طبقات کے لئے مدد کرنے کا جذبہ قابل تعریف ہے، چیف منسٹر فنڈ برائے کورونا کنٹرول میں مخیر حضرات، کاروباری شخصیات اور دیگر افراد دل کھول کر عطیات دے رہے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ فنڈ کی پائی پائی حق دارو ں تک پہنچائیں گے، سب کو مل کر دکھی انسانیت کے دکھ بانٹنے ہیں، کورونا وائرس کا پھیلا روکنے کے لئے شہریوں کا گھروں میں رہنا ضروری ہے، شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہر ایک کی حفاظت یقینی بنائی جا سکتی ہے، آنے والے وقت میں شہریوں کو مزید احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔