مشکل وقت میں خیرسگالی کا جذبہ ،ایدھی فاؤنڈیشن کی بھارت کو امداد کی پیشکش
تفصیلات کے مطابق بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز اور اموات میں روزبروز اضافہ ہورہاہے ، ایسے میں ہسپتالوں میں سہولیات کی کمی اور آکسیجن کی عدم فراہمی کا بھی سامنا ہے جس کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان کے سب سے معتبر ادارے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے بھارتی وزیراعظم کو مدد کیلئے خط لکھ دیا۔ فیصل ایدھی نے خط میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو کورونا وائرس کے مریضوں کیلئے 50 ایمبولینسز فراہم کرنے کی پیش کش کی ہے ۔ اس حوالے سے فیصل ایدھی نے اپنے خط میں لکھا کہ " بھارت میں کورونا کے بڑھتے کیسز اور اموات پر دکھ ہے، ہم کورونا وائرس کے ان حالات میں آپ کی مدد کیلئے تیار ہیں اور اس مشکل وقت میں انسانیت کے ناطےبھارتی عوام کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ہم آپ کو کسی بھی قسم کی تکلیف کے بغیر مکمل تعاون فراہم کرنا چاہتے ہیں ، اسی وجہ سے ہماری ٹیم بھارت کے لوگوں کیلئے ان تمام ضروری سامان کا بندوبست کرے گی جن کیلئے آپ کو مدد درکار ہے ۔ سب سے ا ہم بات یہ ہے کہ ہم آپ سے کسی اور مدد کی درخواست نہیں کررہے ہیں کیونکہ ہم اپنی ٹیم کو فیول ، کھانا ، اور دیگر تمام ضروری سہولیات فراہم کررہے ہیں جن کی وہاں ہماری ٹیم کو ضرورت ہوگی۔" فیصل ایدھی کی جانب سے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ میڈیکل ٹیکنیشنز ، آفس عملہ ، ڈرائیوراور معاون عملہ پر مشتمل ٹیم بھارت سے ملک میں داخلے کی اجازت کی درخواست کی خواہشمند ہے۔ ہم اپنی ٹیم کو آپ کی طرف کسی ہچکچاہٹ کے بغیر تشویشناک صورتحال والے علاقوں میں بھیجنے کیلئے تیار ہیں۔