سعودی عرب کی سمت بھیجے گئے 3 حوثی ڈرون طیارے تباہ کر دیے گئے: عرب اتحاد
یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کی سمت بھیجے جانے والے 3 دھماکا خیز ڈرون طیارے تباہ کر دیے۔ عرب میڈیا کے مطابق اتحاد کے سلسلہ وار بیانات کے مطابق پہلا طیارہ مملکت کی جنوب کی سمت، دوسرا طیارہ خمیس مشیط کی سمت اور تیسرا طیارہ جازان کی سمت بھیجا گیا تھا۔ عرب اتحاد نے تمام ڈرون طیاروں کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔اتحاد نے باور کرایا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق ضروری عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔اس سے قبل عرب اتحاد نے جمعرات کو علی الصبح بتایا تھا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب میں خمیس مشیط کی سمت بھیجا جانے والا ایک دھماکا خیز ڈرون طیارہ فضا میں تباہ کر دیا گیا۔اتحاد کے مطابق ایران نواز ملیشیا منظم اور دانستہ طور پر مملکت میں شہریوں اور شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہے۔واضح رہے کہ حوثی ملیشیا نے حالیہ عرصے میں سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں تیز کر دی ہیں۔ عرب اور مغربی ممالک کی جانب سے ان کوششوں کی بھرپور مذمت کی گئی ہے۔ ان ممالک نے سعودی عرب کے اقدامات کے حوالے سے مملکت کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے