باب دوستی گیٹ پر اشتعال انگیزی کیخلاف چمن بارڈر پانچویں روز بھی بند ہے

چمن پر باب دوستی پانچویں روز بھی بند ہے۔ افغانستان کے یوم آزادی کے دن کی مناسبت سے نکالی گئی ریلی میں باب دوستی پر پتھراؤ کیا گیا تھا۔ پتھراؤ سے باب دوستی پر لگائے گئے شیشے ٹوٹ گئے تھے۔ واقعے کے بعد پاک افغان فورسز کے درمیان دو مرتبہ مذاکرات ناکام ہوچکے ہیں۔ افغان حکام کی جانب سے باب دوستی کو کھولنے پر اصرار کیا جارہا ہے۔ افغان حکام نے واقعے پر زبانی معذرت بھی کی ہے۔ پاکستان حکام کا کہنا ہے کہ واقعے پر تحریری معافی مانگی جائے اور پتھراؤ کرنیوالوں کیخلاف کارروائی بھی کی جائے۔ باب دوستی بند ہونے سے پاک افغان تجارت اور نیٹو سپلائی سمیت ہرقسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہیں۔ بارڈر بند ہونے سے دونوں جانب نیٹو کنٹینرز اور مال بردار ٹرکوں اور گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ سرحد کی بندش سے مال بردار ٹرکوں میں موجود سبزی اور میوہ جات خراب ہورہی ہیں۔