وزیرداخلہ چودھری نثار نے رات گئے برطانوی اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے رات گئے برطانوی اعلیٰ حکام سے رابطہ کر کے قائد ایم کیوایم کی گزشتہ روز کی پاکستان مخالف تقریر اور ہجوم کو ہنگامہ آرائی پر اکسانے کے واقعے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا، وزیرداخلہ کا برطانوی اعلیٰ حکام سے کہنا تھا کہ کسی شخص کا برطانوی سرزمین استعمال کرتے ہوئے پاکستان کی سالمیت اور امن کیخلاف اقدام انتہائی قابل مذمت ہے، پاکستان اور پاکستانی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کر کے قائد ایم کیوایم نے پوری قوم خصوصاً اردو بولنے والوں کی دل آزاری اور سنگین جرم کا ارتکاب کیا، انہوں نے کہا کہ حکومت برطانیہ سنگین جرم میں ملوث شخص کو قانون کے دائرے میں لانے کے لئے معاونت کرے ، دوسری جانب زیرِداخلہ نے ڈی جی رینجرز سے بھی فون پر رابطہ کیا ہے، انہوں نے مجموعی طور پر سندھ اور بالخصوص کراچی میں حالات پرامن رکھنے پر رینجرز اور پولیس کی کارکردگی کی تعریف کی، وزیرِداخلہ نے ڈی جی رینجرز کو کراچی میں تمام میڈیا ہاؤسز کی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی، وزیرداخلہ چودھری نثار نے ڈی جی رینجرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کوئی شرپسند قانون کی گرفت سے بچنا نہیں چاہئیے، تاکہ کوئی کسی پرامن شہری کو حراساں نہ کر سکے