ریلوے میں 40 ارب کا خسارہ ملا ہے جس کو ختم کرنے کے لیے ہم پٹڑی بھی کرائے پر دینے کے لیے تیار ہیں:وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید
وفاقی وزیرِ ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ہمیں ریلوے میں 40 ارب کا خسارہ ملا ہے جس کو ختم کرنے کے لیے ہم پٹڑی بھی کرائے پر دینے کے لیے تیار ہیں جب کہ تمام ریسٹ ہاؤسز فروخت کے لیے دستیاب ہیں۔ راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرشیخ رشید کاکہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کرپٹ اوربددیانت تھی، ہمیں ریلوے میں 40 ارب کاخسارہ ملا، آدھا ریلوے نیب زدہ ہے، ریلوے سے متعلق جو کیسز نیب میں ہیں، ہم اس حوالے سے مکمل تعاون کریں گے اور نیب کا ساتھ دیں گے جبکہ جو لوگ نیب کو مطلوب ہوں گے انہیں حوالے کیا جائے گا۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہم ریلوے کی پٹریاں بھی کرائے پر دینے کے لئے تیار ہیں جب کہ تمام ریسٹ ہاؤسز بھی فروخت کے لئے دستیاب ہیں، ہم نے ریلوے کوٹھیک کرنا ہے، اس لئے ریلوے کونعرہ دیا ہے اب آرام حرام ہے، میں 18 گھنٹے کام کروں گا، جو ٹرین منافع بخش ہوگی وہی بحال ہوگی، ہمارا پہلا ایجنڈا پشاور سے لاہور ڈبل ٹریک بچھانا ہے، جن علاقوں میں سڑکیں نہیں وہاں بھی ٹرین لے کرجانا چاہتے ہیں، میں نہیں چاہتا جب ریلوے چھوڑوں تومیرا منہ بھی کالا ہو۔