پاکستان کا دنیابھرمیں تنازعہ کشمیر اُجاگر کرنے کیلئے کوششیں مزید تیز کرنے کافیصلہ

کشمیرکورگروپ کے ایک اجلاس میں کشمیر کا نصب العین پوری دنیا میں اجاگر کرنے کے لئے سیاسی، سفارتی،قانونی اور ذرائع ابلاغ کے شعبوں میں اپنی کوششیں مزید تیز کرنے کے اقدامات پراتفاق کیاگیاہے۔ اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں محصور کشمیری بھائیوں کے ساتھ پاکستان کی غیرمتزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا گیا۔ اجلاس میں یہ بات نوٹ کی گئی کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں، انسانی امور کے بین الاقوامی ادارے اور عالمی ذرائع ابلاغ مقبوضہ کشمیر کی مخدوش صورتحال سے آگاہ ہیں اوربھارت پردباؤ ڈالاجارہاہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اوردیگر عائد پا بندیاں فوری طورپراٹھائے۔ کورگروپ نے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے اقدامات کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ وزیرخارجہ، وزیرقانون وانصاف، کشمیر کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین، اطلاعات ونشریات کے بارے میں وزیراعظم کی خصوصی معاون، اٹارنی جنرل اوردیگراعلیٰ عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔