پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا تاہم اگراس پرجنگ مسلط کی گئی تو پاکستان اس کامنہ توڑ جواب دے گا،صدرڈاکٹرعارف علوی

صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہاہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ جنگ نہیں چاہتا تاہم اگر اس پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان اس کامنہ توڑ جواب دے گا جس سے خطے میں خطرناک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے انٹرویو میں کہاکہ نریندرمودی کی حکومت ہٹلر کی ذہنیت سے متاثر ہے اوربھارت کی جانب سے ایٹمی ہتھیاروں کی دھمکی خطرناک ہے جس کے سنگین نتائج برآمدہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اوربھارت دونوں ایٹمی قوتیں ہیں اورعالمی برادری کو بھارتی وزیر دفاع کے غیرذمہ دارانہ بیان کانوٹس لیناچاہیے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے پاس مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کاکوئی اختیار نہیں اور بھارت نے تنازعے کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی تمام متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ عارف علوی نے کہاکہ بھارتی حکومت نے کشمیر کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کو کبھی قبول نہیں کیا اوراس نے مقبوضہ کشمیر میں ہزاروں بے گناہ کشمیریوں کاقتل عام کرکے ہمیشہ گھناؤنے جرائم کاارتکاب کیا۔ ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ کشمیر کے لوگوں کو اپنے مستقبل کافیصلہ کرنے کاحق حاصل ہے اور بھارت کومقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم اورریاستی دہشت گردی فوری طورپر بند کرنی چاہیے۔