بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی
بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت پاکستان پر انگلیاں اٹھا سکتا ہے: وزیر خارجہ۔ فوٹو: فائل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا 100 کے لگ بھگ دہشت گرد داخل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آج مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو طاقت سے روکنےکی کوشش کرے گا، احتجاج کے دوران خون خرابے کا خدشہ ہے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت پاکستان پر انگلیاں اٹھا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں عوام کو اشیائے خورونوش اور دواؤں تک رسائی نہیں، دنیا کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا، دنیا اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتی۔ خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، مقبوضہ وادی میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجی تعینات اور حریت اور سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔