مقبوضہ کشمیر،بھارتی فوج نے بارہ مولہ میں ایک اور نوجوان شہید کر دیا
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کی آڑ میں ایک اور کشمیری شہید کر دیا، واقعہ بارہ مولہ میں پیش آیا۔ مقبوضہ وادی میں بھارتی ظلم و ستم کا سلسلہ نہ تھم سکا، بارہ مولہ میں دوسرے روز بھی سرچ آپریشن جاری ہے جس میں مزید ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا گیا۔ گزشتہ روز بھی ایک نوجوان کو شہید کیا گیا تھا۔ علاقے میں قابض فوج نے جگہ جگہ ناکے لگا رکھے ہیں اور راستے بند ہیں۔بانڈی پورہ میں بھی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ تیز کر دیا گیا جہاں پانچ نوجوانوں کو گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ یاد رہے کہ 3 روز قبل بھی بھارتی فوج نے نام نہاد آپریشن کی آڑ میں تین کشمیری نوجوانوں کو فائرنگ کر کے شہید کردیا تھا۔مودی حکومت نے جابرانہ اقدام کرتے ہوئے گزشتہ برس سے لاک ڈاون نافذ کر رکھا ہے، اس دوران بھارتی فوج نے درندگی دکھاتے ہوئے 217 کشمیریوں کو شہید کیا جن میں 4 خواتین اور 10 نو عمر لڑکے شامل ہیں۔