مولانا فضل الرحمان کا محرم کے بعد ہم خیال اپوزیشن کی اے پی سی بلانے کا فیصلہ

اسلام آباد: مولانا فضل الرحمان نے محرم کے بعد ہم خیال اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ہم خیال اپوزیشن کی اے پی سی بلانے کا فیصلہ کر لیا ہے، ذرایع کا اس سلسلے میں کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے سوا اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے اے پی سی میں شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔ اے پی سی کے سلسلے میں مولانا فضل الرحمان نے ن لیگ کے ساتھ پیپلز پارٹی سے بھی رابطے کیے، جن رہنماؤں سے رابطے کیے گئے ان میں نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، شاہد خاقان عباسی اور پیپلز پارٹی کی قیادت شامل ہے، ذرایع نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما مولانا فضل الرحمان سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ شہباز شریف کی آئندہ ہفتے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کا بھی امکان ہے، دوسری طرف ن لیگ اور پی پی کی اے پی سی میں مولانا نے اپنی شرکت کو مشروط کر دیا ہے۔