لاہور ہائیکورٹ نے اوگرا کو وزارتِ پیٹرولیم کے ماتحت کرنےکیخلاف دائر درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وفاقی حکومت نے قانونی طریقہ کار کے برعکس نوٹیفیکیشن سے اوگرا کی خود مختار حیثیت کو ختم کردیا۔ اوگرا کو وزارت پیٹرولیم کے ماتحت کرنے سے قبل کابینہ سے منظوری حاصل نہیں کی گئی۔ کابینہ کی منظور ی کے بغیر نوٹیفیکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اوگرا کو وزارت پیٹرولیم کے ماتحت کرنے کے حوالے سے قانونی طریقہ کار کے برعکس جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔ عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔