لاہور کے علاقے چونگی امرسدھو میں گزشتہ رات آگ لگنے کے واقعے میں جھلسنے والی بچی دم توڑ گئی

پولیس ذرائع کے مطابق مظہر عظیم نے دس سال قبل صائمہ نامی خاتون سے دوسری شادی کی۔ شادی کے بعد دونوں میں اکثر لڑٓائی جھگڑا رہتا تھا۔ چند روز قبل بھی میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا جس پر رشتہ داروں نے صلح کرادی۔ رشتہ داروں کے مطابق صائمہ نے چار سال قبل بھی گھر میں آگ لگائی جس کا مقدمہ کوٹ لکھپت میں درج ہے۔ گزشتہ رات گھر میں آتشزدگی سے پینتیس سالہ صائمہ، پانچ سالہ مناہل ، تین سالہ ایمان جاں بحق ہوگئیں جبکہ مظہر عظیم اور اس کی آٹھ سالہ بیٹی کائنات جنرل ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ پولیس کے مطابق آگ لگنے کے واقعہ کا نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ گھر میں آگ لگی یا کسی نے لگائی۔ اصل حقائق تفتیش کے بعد سامنے آئیں گے۔ دوسری طرف ماں اور دو بیٹیوں کی لاشیں مردہ خانے منتقل کردی گئی ہیں۔ کیمرہ مین خالد محمود کے ساتھ مرزا رمضان بیگ وقت نیوز لاہور۔