امریکا میں پاکستانی سفارتخانے نے دہشتگردی کے خلاف کوششوں کا حقائق نامہ جاری کردیا۔
امریکی الزامات کا جواب، پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے دہشت گردی کےخلاف کوششوں کاحقائق نامہ جاری کردیا گیا، پاکستان میں دہشت گروں کے خلاف 13فوجی آپریشن کیےگئے، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں 6ہزار 8سو اہلکاروں سمیت21ہزار پاکستانی جاں بحق ہوئے۔
سفارتخانے میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر اعزاز چودھری کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہ کرنا باعث افسوس ہے۔ دہشت گردی کےخلاف جنگ ہماری نہیں تھی، یہ ہم پرمسلط کی گئی، یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی تاہم دہشت گردی کامائنڈ سیٹ ختم کرنےکی ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر ملک اور معاشرے میں کچھ انتہا پسند ہوتے ہیں جبکہ دہشت گردی پاکستان اور امریکا کی دشمن ہے، ہمیں اس کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔ افغانستان کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں استحکام پاکستان اور امریکا کے مفاد میں ہے اور دونوں کا مقصد مشترکہ ہے۔