قومی پالیسی پر حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق وقت کا تقاضا ہے، اسد قیصر
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ قومی پالیسی پر حکومت اور اپوزیشن کا اتفاق وقت کا تقاضا ہے۔ملکی معیشت کی بحالی کے لئے چارٹر آف ڈیمانڈ پر اپوزیشن سے مذاکرات ہوں گے جس کے بارے میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سے بات چیت ہو چکی ہے۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان مدینے کی ریاست کی سوچ لیکر کامیابی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔دو تین مہینوں میں معیشت بحال ہو جائیگی۔ ادارے خزانے پر بوجھ بن گئے ہیں۔ گڈ گورننس ، ابصاف کی فراہمی سے ہی مدینے کی ریاست کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔معیشت مستحکم ہوگی تو پاکستانی روپے میں استحکام آئیگا۔ سیاسی جماعتیں اپنے منشور پر عملدرآمد کرائیں مگر قومی ایشوز پر قومی پالیسی ہونی چاہئے۔ملک بھر میں صرف ایسی این جی اوز پر پابندی ہے جو ملک دشمن پالیسیوں پر گامزن ہیں۔ فلاحی تنظیموں کے بے سہارا یتیم اور غریب بچوں کی فلاح و بہبود میں اہم کردار ہے۔حکومت ایسے اداروں کی حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔ ان فلاحی اداروں کی بدولت یتیم اور بے سہارا بچے معاشرے کے مفید افراد بن کر ملک و قوم کی بہتر خدمت کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں امہ ویلفےئر ٹرسٹ کے زیر انتظام یتیم بچوں کے ادارے امہ چلڈرن اکیڈیمی میں سالانہ تقریب تقسیم اسناد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ اس موقع پر تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر عمران خٹک، ممبر صوبائی اسمبلی ادریس خٹک، ممبر صوبائی اسمبلی سومی فلک نیاز، چےئرمین امہ چلڈرن اکیڈیمی مولانا محمد ادریس، امہ ویلفےئر ٹرسٹ کے کنٹری ڈائریکٹر عمران خان سویٹ ہوم کے پیٹرن ان چیف زمرد خان اور ڈپٹی کمشنر نوشہرہ عبدالحمید خان نے بھی شرکت کی۔ ڈائریکٹر امہ چلڈرن اکیڈیمی مولانا مفتی فضل سبحان نے حاضرین اور مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے ادارے کی مجموعی کارکردگی بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس اکیڈیمی میں ملک بھر سے 650 نادار طلبا دینی و دنیاوی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ جس میں مفت خوراک، رہائش اور صحت کی سہولیات شامل ہیں ۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ فلاحی کاموں سے سکون قلب حاصل ہوتا ہے۔ امہ چلڈرن اکیڈیمی بے سہارا بچوں کی بے لوث خدمت کرکے اپنا دینی اور قومی فریضہ بہترین انداز سے ادا کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فلاحی اداروں کے ساتھ اجلاس میں ویلفیئر ویلج کے خواب کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ جہاں فلاحی اداروں کو زمینیں دیکر سکول ،اسپتال اور دیگر مراکز قائم کئے جائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر نمایا ں کارکردگی پر طلبا میں شیلڈ تقسیم کئے گئے۔اس موقع پر اکیڈیمی کے طلبا نے پی ٹی شو اور جمناسٹک کا عملی مظاہرہ پیش کیا جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔اور بچوں کو ان کی مہارت پر داد دی۔