ملک کی نظریں عدالتی فیصلے پر، کل لینڈ مارک فیصلہ ہوگا: فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف اور ان کے بچوں کی اربوں کی پراپرٹی کا کیس بڑا سیدھا ہے، عدالت نے پندرہ ماہ انتظار کیا لیکن ابھی تک انہوں نے منی ٹریل نہیں دیا۔ یہ اپنی جائیدادیں تسلیم کر رہے ہیں لیکن پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ نہیں بتا رہے۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپوزیشن کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ جس عمر میں پاکستانی بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بنتے، سابق وزیراعظم نواز شریف کے بچے اربوں پتی تھے۔ مریم بی بی نے اپنے کیس کو اچھی طرح دیکھا تو انہیں پتا چل گیا ہے کہ ابو نے کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف کیس بڑا سیدھا اور ان کے بچوں کی اربوں کی پراپرٹی کا ہے۔ پورے ملک کی نگاہیں عدالتی فیصلے پر لگی ہیں، پیر 24 دسمبر کو لینڈ مارک فیصلہ ہوگا۔