انتھک محنت کرکے صوبے کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے، نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کیلئے دل و جان سے سرگرم عمل ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار
وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے کہاہے کہ حکومت کیس انتھک محنت کے باعث صوبے کو درست سمت میں گامزن کر دیا ہے۔ نئے پاکستان کے خواب کی تعبیر کو پانے کیلئے دل و جان سے سرگرم عمل ہیں اور وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے بے لوث اقدامات کئے گئے ہیں اور پنجاب میں 30سالہ سیاسی جمود کو توڑنے کا کریڈٹ وزیراعظم عمران خان کی انتھک جدوجہد کو جاتا ہے۔وہ آج وزیراعلیٰ آفس میں مختلف وفود سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ان سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ 100روزہ ا یجنڈے کو کامیابی سے مکمل کرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے اورپہلی دفعہ سڑکوں پرسونے والے بے آسرا افراد کے لئے پناہ گاہ کا انقلابی منصوبہ شروع کیا گیاہے۔پناہ گاہ سڑکوں پر سونے والے افراد کو موسم کی سختیوں سے بچانے کا پروگرام ہے۔انہوں نے کہاکہ لاہور اور راولپنڈی میں پناہ گاہ کی عمارتوں کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی جبکہ پنجاب کے دیگر ا ضلاع میں بھی مرحلہ وار پناہ گاہیں بنائی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ صوبے کے عوام کی امیدوں اور توقعات سے بڑھ کر خدمت کریں گے۔نئے پاکستان کی تعمیر وترقی کے سفر میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دی جائے گی اورتحریک انصاف کی حکومت کمزور کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کہاکہ 100روز میں جتنا کام موجودہ حکومت نے کیا ہے اتنا ماضی کی حکومتیں اپنے کسی دور میں نہیں کر سکیں۔ ماضی میں وسائل کا رخ صرف چند علاقوں تک محدود رکھا گیا۔ سابق حکمرانوں نے پسماندہ علاقوں کے مسائل سے پہلوتہی کی ،جس کے نتیجے میں یہ علاقے محرومیوں اور پسماندگی کا شکار ہوتے گئے۔انہوں نے کہاکہ اب وسائل کا رخ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق پسماندہ علاقوں کی طرف موڑ دیا گیا ہے اورہر پسماندہ تحصیل کو ترقی یافتہ علاقوں کے برابر لائیں گے۔تحریک انصاف کی حکومت دوردراز علاقوں میں بنیادی سہولتیں مہیا کرے گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک روشن مستقبل کی جانب بڑھ رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں جاری عوامی فلاح اور ترقیاتی پروگرامو ں کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ ایجنڈے کی تکمیل پر سرخرو اور اللہ کے حضور سربسجود ہیں۔حکومت عوامی مینڈیٹ کی لاج رکھے گی۔