بدعنوانی کے بڑے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا بیورو کی ترجیحات میں شامل ہے،چیئرمین نیب
قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ بدعنوانی کے بڑے مقدمات کو ان کا منطقی انجام تک پہنچانا بیورو کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ منی لانڈرنگ پر قابو پانے اور ملک کی لوٹی ہوئی دولت کو دنیا کے ہر حصے سے واپس لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا جڑ سے خاتمہ ناگزیر ہوچکا ہے کیونکہ یہ ناسور انتہائی حد تک پھیل چکا ہے۔نیب کے چیئرمین نے کہا کہ بیورو نے دو سو ستانوے ارب روپے سے زائد رقم بدعنوان عناصر سے واپس لے کر قومی خزانے میں جمع کرائی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیب نے مجموعی طور پر بدعنوانی کے ایک سو اناسی بڑے مقدمات میں سے ایک سو پانچ مقدمات مختلف احتساب عدالتوں میں دائر کردیئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت نو سو ارب روپے کے بارے میں بارہ سو سے زائد ریفرنسز مختلف احتساب عدالتوں میں سماعت کے مراحل میں ہیں۔