آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹس کی سیمپلنگ مہم کے فیل شدہ برانڈز کو مارکیٹ سے ہٹوانے کا عمل جاری
لاہور : ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر )محمد عثمان کی خصوصی ہدایت پر آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹس کی سیمپلنگ مہم کے نتائج آنے پر کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فیل شدہ آئس کریم برانڈز کو مارکیٹ سے ہٹوانا شروع کر دیا۔ممنوعہ فلیورز کی موجودگی پر گورمے فوڈز کے 16آؤٹ لیٹس سے 10,699 لیٹر، چمن آئسکریم کی6 شاخوں پر13,426 لیٹر آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹس کی چیکنگ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پرآئسکریم اور فروزن ڈیزرٹس کی سیمپلنگ مہم کے نتائج آنے پر کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کا فیل شدہ آئس کریم برانڈز کو مارکیٹ سے ہٹوانے کا عمل جاری ہے۔گورمے فوڈز کے 16 آؤٹ لیٹس سے10,699 لیٹر ڈیزرٹس اور آئسکریم ہٹوا دی گئیں۔ لاہورمیں عمر چوک، ٹاؤن شپ، شمع سینما، سمن آبا،راجہ مارکیٹ ،ایوبیہ، سمن آباد، جی ون، جگاور چوک جوہر ٹاؤن، شاد مان ،ملٹری اکاؤنٹس سوسائٹی ،یتیم خانہ،ملتان روڈ،ایئر لائن، رائے ونڈ روڈ،پنجاب سوسائٹی اور قلعہ قاسم شاہ کے آؤٹ لیٹس سے سپلائی ہٹائی گئی۔چمن آئسکریم کی 6 شاخوں پر موجود 13ہزار426 لیٹر آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹس کا سٹاک سیل کر دیا گیا۔چمن آئسکریم کے کولڈ سٹور سمیت مال روڈ، کریم بلاک، فیصل ٹاؤن اور داروغہ والا،ٹھوکر نیاز بیگ اور بحریہ ٹاؤن کے آؤٹ لیٹس پر کارروائی کی گئی۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ مختلف برانڈز کے 47 سیمپلز مقررہ معیار پر پورا نہ اترنے پر فیل ہو ئے تھے۔ فیل شدہ آئس کریم اور فروزن ڈیزرٹ میں چمن آئسکریم اور گورمے کی پراڈکٹس شامل تھیں۔ فیل ہونے والے برانڈز انسانی استعمال کے لیے مضر قرار پائے گئے ہیں۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا مزید کہنا تھا کہ فیل شدہ برانڈز اور ان کے فلیورز کو مکمل طور پر ہٹانے تک ایکشن جاری رہے گا۔فیل ہونے والی پراڈکٹس کی پروڈکشن بھی اصلاح ہونے تک بند کر دی گئی ہے۔اصلاح کا عمل مکمل کروانے کے بعددوبارہ سیمپل لے کر ٹیسٹ کروائے جائیں گے۔