سندھ ہائیکورٹ کا نادرا کو یتیم بچی کا ب فارم جاری کرنے کا حکم
سندھ ہائیکورٹ نے نادرا کو یتیم بچی ماہم رحمان کا ب فارم جاری کرنے کا حکم دے دیا ۔بدھ کو یتیم بچی کو نادرا کی جانب سے ب فارم جاری نہ کرنے کے معاملہ پر کیس کی سماعت سندھ ہائیکورٹ میں ہوئی۔اس موقع پر درخواست گزار ماہم رحمان نے موقف اپنایا کہ والدین دنیا میں نہیں، تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہوں،ایڈووکیٹ عثمان فاروق نے دلائل دیئے کہ نادرا نے ب فارم جاری نہیں کیا میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ روک دیا،بچی کا کوئی وارث نہیں، مختلف رشتہ داروں کے گھر میں رہتی ہے،تین ماہ کی تھی والد جبکہ تین برس کی تھی تو والدہ کا انتقال ہوگیا،بے سہارا بچی تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہے،نادرا نے والدین کے بغیر ب فارم جاری کرنے سے انکار کردیا،ماہم رحمان کو ب فارم اور ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔عدالت نے وکیل بورڈ آفس سے استفسار کیا کہ ایڈمٹ کارڈ کے لیے ب فارم کیوں ضروری ہے؟ جس پر وکیل بورڈ آفس نے موقف اپنایا کہ بچے کی شناخت کے لیے ب فارم ضروری ہے۔ جبکہ وکیل نادرا نے موقف اپنایا کہ عدالت حکم دے تو بے فارم بنانے کے لیے تیار ہیں۔بعد ازاں عدالت نے نادرا کو یتیم بچی کا ب فارم جاری کرنے کا حکم دے دیا اور بچی کو خالہ گارجین کے شناختی کارڈ پر دس روز میں ب فارم جاری کرنے کا حکم دیا گیا۔