پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ صدر مملکت
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ان کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا ۔ ان خیالات کا اظہار صدر ڈاکٹر عارف علوی نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی سے ایوان صدر میں ملاقات کے دوران کیا ۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں 5 اگست 2019 ء کے بعد پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں کشمیریوں کی جدوجہد کی حمایت میں سمندر پار پاکستانیوں اورکشمیریوں کے کردار کو سراہتے ہیں ۔ کشمیر کی حمایت کے علاوہ تارکین وطن نے رقوم بھیج کر پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔ صدر عارف علوی نے تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کو یقین دلایا کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں امن کا خواہاں ہے اور عالمی برادری کو برصغیر میں مستقل قیام امن کے لیے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے ۔ اس موقع پر تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے 5 اگست 2019 ء کے بعد کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کرنے پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں تحریک کشمیر برطانیہ اور یورپ کے بینر کے تحت ہزاروں سمندر پار پاکستانی اور کشمیری آگے آئے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی ۔