عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے سرخرو ہونگے ۔ شیخ رشید
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدنے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے سرخرو ہوں گے۔اسلام آباد پولیس لائنز میں پاسنگ آئوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے آج پولیس کے سپاہی کو عزت دی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر وزیرِاعظم عمران خان سے درخواست کی کہ اسلام آباد پولیس میں مزید 5 ہزار اہلکاروں کو بھرتی کیا جائے، اسلام آباد پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابرکردیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس پاسنگ آئوٹ پریڈ میں پہلی بار کسی وزیرِ اعظم نے شرکت کی ہے ،اسلام آباد میں غیر ضروری چیک پوسٹیں ختم کر دیں، اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ کریں گے، وزیراعظم نے آج سپاہی کو عزت دی ہے، سپاہی دھوپ، گرمی سردی میں دن رات ڈیوٹی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت داخلہ میں بہت زبردست ٹیم ہے، یقین دلاتا ہوں کہ وزارتِ داخلہ 120 دن میں بدل جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان کی قیادت میں تمام چیلنجز سے سرخرو ہوں گے، عمران خان قوم کو تمام مسائل سے نکالیں گے۔