امریکا میں پونے دو لاکھ نئے کورونا کیسز رپورٹ، دہلی، پیرس میں سال نو کی تقریبات پر پابندی

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی نئی وبا اومیکرون اور بڑھتے ہوئے کیسز کی نئی لہر کی وجہ سے نئی پابندیاں متعارف کرا دی گئی ہیں۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کیسز کی تعداد ایک مرتبہ پھر تیزی سے بڑھتی جا رہی ہے جس کے بعد یورپ اور امریکا سمیت متعدد ممالک میں نئی پابندیاں متعارف کرادی گئی ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران امریکا میں پونے دو لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں لیکن امریکی صدر جو بائیڈن وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔امریکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 81 ہزار 264 کورونا وائرس کے نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔جو بائیڈن نے کہا کہ امریکی عوام تیزی سے پھیلتے ہوئے امیکرون کی وجہ سے پریشان ہیں لیکن ہم اس کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو اومیکرون کے حوالے سے تحفظات ہونے چاہئیں لیکن گھبرانا نہیں چاہیے، یہ مارچ 2020 نہیں ہے بلکہ اب 20 کروڑ لوگوں کو مکمل ویکسین لگ چکی ہے اور ہم تیار ہیں۔واضح رہے کہ امریکا میں گزشتہ ہفتے سامنے آنے والے کیسز میں سے 73فیصد اومیکرون کے تھے۔