راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن،30افراد گرفتار
سیکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفساد کے تحت راول پنڈی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے30 سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ،گرفتار افراد میں کالعدم تنظیم کے کارندے بھی شامل ہیں ۔تفصیلات کے مطابق ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے بعد سیکیورٹی فورسز کے کومبنگ اینڈ سرچ آپریشن بھرپور انداز سے جاری ہیں رینجرز کو اختیارات ملنے کے بعد پنجاب میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن کے ابتدائی مرحلے کا راولپنڈی سے آغاز کردیا گیا ۔رینجرز نے جمعرات کو راولپنڈی کی گنجان آبادیوں ویسٹریج ، ڈھوک حسو ،ڈھوک رتہ ، بیکری چوک اور کینٹ میں سرچ اور کومبنگ آپریشن کیا اس دوران تیس مشکوک افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ بر آمد کرلیا رینجرز کے ساتھ پاک فوج اور پولیس نے بھی سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن میں حصہ لیا گرفتار افراد کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ذرائع کے مطابق حراست میں لئے جانے والے افراد کا تعلق کالعدم تنظیم سے بتایاجاتا ہے۔