4 ارب سے زیادہ جوئے کی اطلاعات کے بعد وزارت داخلہ حرکت میں آگئی۔
پاکستان سپر لیگ کے دوران اربوں روپے کا جوا کھیلے جانے کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد وزارت داخلہ بھی حرکت میں آگئی اور جواریوں اور سٹے بازوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ملکی اور غیر ملکی بکیز کے خلاف انٹر پول سے بھی مدد لی جائے گی۔پی ایس ایل کے دوران اربوں روپے کے جوئے کی اطلاعات کے بعد وزارت داخلہ حرکت میں آگئی۔ ملک بھر میں جواریوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ملکی اورغیرملکی سٹے بازوں کے خلاف انٹرپول سے مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ بکیز اور ان کے معاونین کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ذرائع کے مطابق پاکستان، بھارت، بنگلہ دیش اور دیگر تمام لیگز میں جوئے کے ذریعے حاصل شدہ رقم تخریب کاری اوردہشت گردی میں استعمال کی جاتی ہے۔ اس لئے ان عناصر سے کسی قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی۔ یہ فیصلہ گذشتہ روز وزیر داخلہ چوہدری نثار کی سربراہی میں وزارت داخلہ کے اجلاس میں کیا گیا۔ فیصلہ سہون، چارسدہ اور راولپنڈی کے خودکش حملوں میں بھارت کا ہاتھ اور چنئی میں ویب سائٹ چلائے جانے کے انکشاف اور تخریب کاری کی کڑیاں بھارت سے ملنے پر کیا گیا۔بیرون ملک بکیز اورملک میں موجود ان کے سہولت کاروں کو دہشت گردی ایکٹ سیون اے ٹی اے کے تحت گرفتار کرکے مقدمات چلائے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پی ایس ایل کے آغاز سے پہلے ہی بکیز نے ساتھیوں سے رابطے شروع کردئیے تھے۔ پاکستان میں فائنل رکوانے کی بھی کوششیں کی گئیں۔ پی ایس ایل کے دوران 4 ارب سے زیادہ کے جوئے کا انکشاف بھی ہوا ہے جو کہ ایونٹ کے اگلے میچز میں بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔