ن لیگ کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری 'الیکشن کمیشن سے یکم مارچ کو جواب طلب
سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ( ن) کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف درخواست پر لاہور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسر سے جواب طلب کر لیا۔شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست میں سینیٹ الیکشن کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدواروں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیراعظم کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی،نزہت صادق اور حافظ عبدالکریم کے کاغذات کی منظوری کو چیلنج کیا گیا۔درخواست گزار کا موقف تھا کہ الیکشن ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی منظور کیے، اشتہاری ہونے کے باوجود اسحاق ڈار کے کاغذات کیسے منظور ہوگئے؟جبکہ دیگر امیدواروں نے اثاثوں، دہری شہریت اور دیگر تفصیلات فراہم نہیں کیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت ان امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کالعدم قرار دے۔درخواست گزارنے استدعا کی کہ مارچ میں ہونے والے سینیٹ انتخابات ملتوی کیے جائیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسر اور دیگر فریقین سے یکم مارچ کو جواب طلب کر لیا۔