اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر آصف علی زرداری اور وفاقی وزیر فواد چوہدری کی نااہلی کی درخواستیں خارج کردی
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے نااہلی کی درخواستوں پر مختصر فیصلہ جاری کیا۔ چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ یہ دونوں کیسز منتخب نمائندوں سے متعلق ہیں ، دونوں کوعوام نے منتخب کیا ہے تو عدالت کیوں مداخلت کرے؟ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کہا کہ ہر سیاسی جماعت نے اپنی سوشل میڈیا ٹرولنگ ٹیم رکھی ہوئی ہے، عدالتوں میں اپنے معاملات لاتے ہیں، جس کیخلاف فیصلہ آئے وہ ٹرولنگ شروع کرتا ہے، جب یہ سب ہونا ہے تو عدالتیں ان معاملات میں کیوں پڑیں؟ چیف جسٹس نے کہا کہ پھر آپ کہتے ہیں ہماری عدالتیں 139 نمبر پر ہیں، یہ ریٹنگ عدالتوں کی نہیں ہوتی گورننس سسٹم کی ہوتی ہے، عدالت نے ریٹنگ کی بنیاد بننے والے فیکٹرز کی کاپی وکلاء کو دے دی۔ عدالت نے کہا کہ یہ فیکٹرز پڑھیں اس میں ریٹنگ کیا صرف عدالتوں کی ہے؟ میں نہیں کہتا عدالتیں بہت اچھی ہیں لیکن پورا سسٹم دیکھیں، یہ عدالتوں کی ریٹنگ ہےہی نہیں، یہ پورےملک کی گورننس کی ریٹنگ ہے۔